ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: موسلادھار بارش اور سیلاب کی وجہ سے نیشنل ہائے ویز کا رابطہ منقطع۔ گوگل پر جاری ہوا ہے نقشہ۔ فیس بک پر دستیاب ہے ریلیف سے متعلق ایپ

کاروار: موسلادھار بارش اور سیلاب کی وجہ سے نیشنل ہائے ویز کا رابطہ منقطع۔ گوگل پر جاری ہوا ہے نقشہ۔ فیس بک پر دستیاب ہے ریلیف سے متعلق ایپ

Sun, 11 Aug 2019 12:39:26    S.O. News Service

کاروار 11/فروری (ایس او نیوز) کرناٹکا، مہاراشٹرا اور کیرالہ میں موسلادھاربرسات اور سیلاب کی وجہ سے کئی مقامات پر نیشنل ہائی ویز پر رابطہ منقطع ہوگیا ہے  جس سے سفر پر نکلے ہوئے لوگ بری طرح پھنس گئے ہیں اور جو لوگ سفر پر نکلنے والے ہیں ان کے لئے بھی خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

    بگڑے موسم اورقومی شاہراہوں پر درپیش مشکلات کے تعلق سے عوام اور خاص کرکے مسافروں کو صحیح معلومات پہنچانے کے لئے  انٹرنیٹ پر ’گوگل میاپ‘ کے ذریعے ان مقامات کا نقشہ’ویسٹرن انڈیا فلڈس‘ (مغربی ہندوستان کے سیلاب) کے عنوان سے پیش کیاگیا ہے، جہاں پر نیشنل ہائی ویز پانی میں ڈوب گئے ہیں اور وہاں سفر کرنا فی الحال دشوار ہوگیا ہے۔خیال رہے کہ کیرالہ اور کرناٹکا میں کئی جگہوں پرچٹانیں کھسکنے کی وجہ سے سڑکیں ناقابل استعمال ہوگئی ہیں۔قدرتی آفت کے اس مشکل وقت میں بہت سارے دیہات پانی میں ڈوب گئے ہیں اور ان کا دوسرے شہروں اورگاؤں سے بھی راستہ ٹوٹ گیا ہے۔گوگل میاپ نے اپنے ایپلی کیشن کے ذریعے ایسے مقامات کی طرف سفر کرنے سے عوام کو باز رکھنے کے لئے رہنمائی کاکام کیا ہے۔اس ایپ پر ہر ایک منٹ پر ان مقامات کی حقیقی صورتحال کے بارے میں معلومات اپڈیٹ کی جارہی ہیں۔ جن مقامات پر ٹریفک روک دی گئی ہے اور سفر کے لئے اس طرف گزرنا ممکن نہیں ہے، ان مقامات پر سرخ نشان لگائے گئے ہیں۔جہاں پرسفر اور موٹر گاڑیوں کی آمد ورفت بند ہونے کے امکانات موجود ہیں اسے گہرے پیلے رنگ سے نمایاں کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ گوگل میاپ استعمال کرنے والے خود بھی اپنے طور پر سیلاب یا راستہ ناقابل استعمال ہونے کی معلومات اس پر اپلوڈ کرسکتے ہیں۔

    اس کے علاوہ سوشیل میڈیا کے معروف پلیٹ فارم فیس بک نے بھی ریلف حاصل کرنے یا پہنچانے کے لئے سہولت فراہم کی ہے۔فیس بک پر ’فلڈ‘ (سیلاب) کے عنوان سے تلاش کرنے پر ’کرائسس ریسپانس‘ مینو نظر آتا ہے۔اسے کھولنے کے بعد سیلاب سے متاثرہ حصوں میں مقیم فیس بک فرینڈز کی تفصیلات سامنے آتی ہیں۔ اس کے علاوہ اگر سیلاب زدہ افراد کو ریلیف پہنچانی ہوتو ’آفر ہیلپ‘کاکالم موجود ہے۔اس کے ذریعے امداد پہنچانا یا پھر امداد حاصل کرنا ممکن ہوجاتا ہے۔اس کے لئے ضروری تفصیلات درج کرنے کے بعد ضرورت مند وہاٹس ایپ یا میسنجر کے ذریعے رابطہ قائم کرسکیں گے۔


Share: